پونے،12؍جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے آف اسپنر روی چندرن اشون نے انگلینڈ کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز میں وراٹ کوہلی کی کپتانی کے ساتھ رفتار بنانے کو ٹیم کیلئے انتہائی ضروری قرار دیا ہے۔اشون کے مطابق ون ڈے اور اس کے بعد ٹی 20سیریز میں سب سے زیادہ ضروری وراٹ کے جارحانہ طریقوں کی کپتانی اور رابطہ کے مختلف طریقوں کی سمجھ برقرار رکھنا انتہائی اہم ہو گا۔مہندر سنگھ دھونی کے چھوٹے فارمیٹ کی کپتانی چھوڑنے کے بعد کوہلی کے پاس ون ڈے اور ٹی 20ٹیم کی قیادت کرنے کا ذمہ ہے۔
ویب سائٹ کرک انفوکے مطابق ہر طرح کے فارمیٹ میں ٹیم انڈیا کے بالر اشون نے کہا کہ رابطہ کے تناظر میں چیزیں تھوڑی مختلف ہوں گی،وکٹ کیپر ہونے کی وجہ سے دھونی کے ساتھ بالر کے طور پر ہمارا براہ راست رابطہ ہوتا تھا لیکن اب وراٹ کے کپتان ہونے پر ایسی صورت حال نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ یقینی طور پر وراٹ مڈ وکٹ کے ارد گرد ہوں گے لیکن ان سے رابطہ کرنے کی سطح پر چیزیں تھوڑی مختلف ہوں گی،ہمیں جلد سے جلد اس کی عادت ڈالنی ہوگی۔وراٹ کی جارحیت کے بارے میں اشون نے کہا کہ بہت سے مواقع پر وراٹ زیادہ جارحانہ ہوتے ہیں اور یہاں ایک ہی چیز ہے، جس کے ساتھ مجھے آرام دہ ہونے کی کوشش کرنی پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ وراٹ کا زور زیادہ تر وقت مخالف ٹیم کے وکٹ حاصل کرنے پر ہوتا ہے، اگرچہ اس کے لئے بالر کو کچھ رن خرچ کرنے پڑیں۔